ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  کنداپور: ماں کی سڑتی لاش کے پاس چار دن تک پڑی رہنے والی معذور خاتون بھوک کی وجہ سے ہوگئی فوت 

 کنداپور: ماں کی سڑتی لاش کے پاس چار دن تک پڑی رہنے والی معذور خاتون بھوک کی وجہ سے ہوگئی فوت 

Sun, 19 May 2024 13:37:32    S.O. News Service

کنداپور ،19 / مئی (ایس او نیوز) کنداپور میں پیش آئے ایک دردناک واقعے میں چار دن تک اپنی ماں کی سڑتی ہوئی لاش کے پاس بھوکے فاقے پڑی رہنے والی خاتون نے اسپتال میں دم توڑ دیا ۔ 
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کنداپور تعلقہ کے داسنہاڑی علاقے میں جمعرات کے دن دیر رات کو سامنے آیا جب جینتی شیٹی (62 سال) اپنے گھر میں مردہ پائی گئی جبکہ اس کی معذور بیٹی پرگتی شیٹی غذا اور پانی کے بغیر چار دن تک اس لاش کے قریب پڑی ہوئی تھی ۔ مقامی لوگوں نے اسے اسپتال میں داخل کروایا تھا مگر سنیچر کے دن اس نے دم توڑ دیا ۔
    
 بتایا جاتا ہے کہ اپنے شوہر کے انتقال کے بعد جینتی شیٹی اپنی ذہنی طور پر معذور بیٹی پرگتی کے ساتھ رہتی تھی کچھ عرصے پہلے بیماری کی وجہ سے پیر بھی کاٹ دیا گیا تھا ۔ جبکہ جینتی شیٹی ذیابیطس میں مبتلا تھی اور ان کے دن بڑی مشکلوں سے گزر رہے تھے ۔ 
    
جب پڑوسیوں نے دیکھا کہ تین دنوں سے جینتی کے گھر کا دروازہ بند اور دن میں بھی گھر کی لائٹ جل رہی ہے تو سمجھا کہ شائد ماں اور بیٹی کہیں باہر گئے ہوں گے ۔ لیکن جب جمعرات کی شب میں گھر سے بہت ہی زیادہ بدبو باہر نکلنے لگی تو آس پاس کے لوگوں نے جینتی سے فون پر رابطہ قائم کیا ۔ فون کی رنگ بجتی رہی مگر کوئی جواب نہیں ملا ۔ کھڑکی سے جھانکنے پر پرگتی بے ہوش پڑی ہوئی دکھائی دی ۔ 
    
مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی تو ایس آئی ونئے اور ان کی ٹیم موقع پر پہنچی اور گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کے بعد پرگتی کو ابتدائی طبی امداد دی گئی اور پھر اسے کوٹیشور کے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کروایا گیا، جہاں اس نے سنیچر کے دن دم توڑ دیا ۔ 
    
دوسری طرف جینتی کی لاش کو اسپتال میں منتقل کیا گیا اور اس کے رشتے داروں کی آمد کے بعد جمعہ کے جینتی آخری رسومات انجام دی گئیں اور پرگتی کی آخری رسومات سنیچر کے دن انجام دی گئیں ۔ 


Share: